نئی دہلی، 9؍جنوری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سنیما ہال میں فلم شروع ہونے سے پہلے قومی گیت کو لے کر سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کو تبدیل کر دیا ہے۔ عدالت عظمی نے کہا کہ اب سنیماہال میں فلم شروع کرنے سے پہلے قومی گیت بجانا ضروری نہیں ہوگا۔اس سے پہلے نومبر 2016میں سپریم کورٹ نے قومی گیت کو سینماہال میں بجانا اور کھڑے ہونا لازمی بنایاتھا۔اس سے پہلے سپریم کورٹ نے اشارہ دیاتھا کہ یہ دسمبر 2016کے اپنے حکم میں بہتری کر سکتا ہے۔اس حکم کے مطابق حب وطن کاجذبہ پیداکرنے کیلئے فلمیں شروع ہونے سے پہلے قومی گیت بجانالازمی تھا۔عدالت نے کہا تھا کہ جب قومی گیت اور قومی پرچم کا احترام کیا جاتا ہے تو یہ مادر وطن کے تئیں محبت اور احترام کو ظاہر کرتا ہے۔عدالت نے شیام نارائی چوکسی کی درخواست پرتمام سنیماہال کوہدایت دی تھی کہ فلم شروع ہونے سے پہلے قومی گیت بجاناضروری تھا۔حال ہی میں مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائرکرکے کہا کہ سینماؤں کے لئے فلم سے پہلے قومی گیت بجانااوراس دوران کھڑاہونالازمی نہ ہو۔حکومت کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ وزارت کمیٹی ابھی اس پر غور کر رہی ہے۔مرکزی حکومت نے حلف نامہ دے کرسپریم کورٹ سے اپنے 2016کے حکم میں ترمیم کے لئے اپیل کی تھی۔مرکزی حکومت نے کہا تھا کہ اگرچہ وزارت خارجہ کمیٹی اس پر غور کررہی ہے لیکن عدالت خود ہی قومی گیت کی ناگزیری پرنرمی دے دے تو بہترہوگا۔وہیں سماعت کے دوران جسٹس چندرچوڑ نے یہ بھی کہاتھا کہ لوگ سنیماہال میں تفریح کے لئے جاتے ہیں،وہاں حب الوطنی کا کیاپیمانہ ہواس کی ایک لکشمن ریکھاہو۔ان سب کے باوجود ایسے نوٹیفیکیشن، سرکلر یا مینڈیٹ طے کرنے کاکام حکومت کا ہے،سپریم کورٹ پر یہ ذمہ داری نافذ نہیں کرنی چاہیے۔